ممبئی، 8 ؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندرفڑنویس نے آج اپنی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے11نئے وزراء کو شامل کیاہے جن میں سے10نئے چہرے ہیں۔اس توسیع میں شیو سینا اپنے کسی لیڈر کو کابینہ وزیر کا درجہ نہیں ملنے سے ناراض ہے۔غورطلب ہے کہ اس سے قبل این ڈی اے کی اہم اتحادی شیوسینا کو مودی کابینہ میں ہوئی کے وقت بھی کو یکسر سے نظر انداز کردیا گیا تھا لیکن فڑنویس نے شیوسینا کے دو ممبران اسمبلی کو وزیر مملکت کا درجہ دیا ہے۔بہر حال بی جے پی نے شیوسینا کے کسی لیڈر کو کابینہ وزیرکادرجہ دینے کے پارٹی کے مطالبہ مستردکردیا ۔آج صبح اسمبلی ہاؤس میں منعقد حلف برداری تقریب میں شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کی غیرموجودگی سے پارٹی کی ناراضگی بالکل صاف نظر آئی ۔فڑنویس کابینہ کی توسیع میں 6 اراکین اسمبلی نے کابینہ وزیر کے طورپر حلف لیا، ان میں سے ایک رام شندے کو وزیرمملکت برائے داخلہ (دیہات )کے عہدے سے ترقی دے کر کابینہ وزیر بنایا گیا ہے۔شیوسینا کے مراٹھواڑہ علاقے کے جالنہ سے رکن اسمبلی ارجن کھوتکر اور شمالی مہاراشٹر کے جلگاؤں سے رکن اسمبلی گلاب راؤ پاٹل کو جونیئر وزیر بنایا گیا ہے۔پاٹل بی جے پی کے سابق وزیر ایکناتھ کھڑسے کے آبائی شہرجلگاؤں سے آتے ہیں جبکہ کھوتکر بی جے پی کی ریاستی اکائی کے صدر راؤصاحب دانوے کے آبائی ضلع جالنہ سے ہیں۔الیکشن سے پہلے بی جے پی کی اتحادی رہی سوابھیمانی پارٹی کے سادابھا ؤکھوت اور راشٹریہ سماج پارٹی (آر ایس پی)کے مہادیو جان کر نے بھی حلف لیا ہے۔جان کو کابینہ وزیر بنایاگیا ہے ۔کابینہ وزیر کے طور پر حلف لینے والے بی جے پی کے ممبران اسمبلی میں ریاستی یونٹ کے سابق صدر پانڈورنگ پھونڈکر، ڈونڈیچا(دھلے)سے رکن اسمبلی جے کمار راول، نلانگا سے سامبھاجی پاٹل نلانگے کر اور شولا پور سے رکن اسمبلی سبھاش دیشمکھ شامل ہیں۔بی جے پی کے رکن اسمبلی رویندر چوہان اور مدن ییراور نے وزیر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔وزیر مملکت کے عہدے کا حلف لینے والے پانچ دیگر لوگوں میں شیوسینا کے دو، بی جے پی کے دو اور ایک دوسری اتحاد ساتھی سے ہیں ۔